نئی دہلی25نومبر(آئی این ایس انڈیا/ایس او نیوز) جمعیۃ علماء ہندکے جنرل سکریٹری مولانامحمود مدنی نے دلت۔مسلم کے قومی اشتراک کو بہتر حکمت عملی بتاتے ہوئے کہا کہ ملک کے موجودہ حالات اس بات کے متقاضی ہیں کہ آئین کی بالادستی اور اپنے حقوق و اختیارات کے حصول اور تحفظ کے لیے مشترکہ جدوجہدکی جائے۔مولانا مدنی نے 27/نومبر کی صبح دس بجے سے رام لیلا میدان نئی دہلی میں دلت و آدیواسی تنظیم ناکڈور کے زیر انتظام”مہاسنگرام ریلی“ کے انعقاد کے موقع پر مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے،انھوں نے اس سلسلے میں باضابطہ پوسٹر شائع کرکے مسلمانوں ودیگر برادران وطن سے اس میں شرکت کی اپیل بھی کی ہے۔ مولانا مدنی نے کہاکہ جمعیۃ علماء ہند جہاں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور ہندو مسلم اتحاد کی حامی و داعی ہے،وہیں بلاامتیاز مذہب و فرقہ تمام محرومین و مظلومین کی حمایت بھی اپنا اخلاقی و دینی فریضہ تصور کرتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ مسلم اقلیت کی طرح دلت و آداواسی بھی ملک میں تفریق پیدا کرنے والوں کے مظالم سے دوچار ہیں، اس لیے یہ ناگز یر ہو گیا ہے کہ سماجی جد وجہد کے ذریعہ ملک کے وسائل حیات میں منصفانہ حصہ داری حاصل کی جائے۔انھوں نے کہا کہ ہماری جد وجہد ایک سوچ کے خلاف ہے کسی ذات یا برداری کے خلاف نہیں، ہم یہ مانتے ہیں کہ مخصو ص فکر کے مٹھی افراد ہر طرح کی برتری حاصل کرنے کے لیے اقلیتوں اور دلتوں کو دیوار میں لگے رہنے پرمجبوردیکھناچاہتے ہیں جن کے خلاف خود کی جد وجہد کے ساتھ مشترکہ اقدام کی بھی ضرورت ہے۔مولانامحمودمدنی کی ہدایت پر مولانا حکیم الدین قاسمی سکریٹری جمعےۃ علماء ہند مغربی یوپی کے مختلف اضلاع اورمیوات وغیرہم میں کئی دنوں سے دورے پر ہیں، جہاں وہ جمعیت کے ذمہ داران و دیگر جماعتی احباب سے ملاقات اور میٹنگ منعقد کرکے اجلاس میں شرکت کے لیے لوگوں کو آمادہ کررہے ہیں۔مولانا حکیم الدین قاسمی نے بتایا کہ لوگوں میں اس سلسلے میں کافی جو ش وخروش ہے اوراچھی تعداد میں شرکت کی توقع ہے۔اس اجلاس میں مولانا محمود مدنی،مولانا نیاز احمد فاروقی سمیت جمعےۃ کے چنددیگرہم عہدیداران کا خطاب بھی ہو گا۔اس اجلاس میں دلتوں کے مسائل کے علاوہ مسلم اقلیت کے بنیاد مسائل بھی اٹھائے جائیں گے۔ ایجنڈے میں ملک میں مسلسل ہورہے فرقہ وارانہ فسادات وغیرہ پر روک لگانے کے لیے انسداد فساد قانون کامطالبہ بھی اہم طور سے شامل کیا گیا ہے۔